لاہور: صوبائی دارلحکومت میں شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، پروازوں کو لاہور کے بجائے متبادل شہروں میں اتارا گیا جبکہ ملکی وغیرملکی 15 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اور گرد و نواح میں شدید دھند کا راج ہے، شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے، جس کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔
برٹش ائیرلائن کی پرواز اسلام آباد میں لینڈ ہوگی، جونیئر برٹش اوپن اسکواش چیمپئن سہیل عدنان کی پرواز کو اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔
دھند کی وجہ سے 4 پروازیں متبادل شہروں میں اتاری گئیں ، 3 غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازوں کی اسلام آباد لینڈنگ ہوئی، جدہ سے لاہور آنے والی پرواز ایس وی 738 کو اسلام آباد موڑا گیا جبکہ ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز ای وائی 284 کو اسلام آباد لینڈ کرایا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ دوحا سے لاہور کی پرواز کیو آر 620 کو اسلام آباد اور دمام سے ملتان قومی ایئر کی پرواز پی کے150کو لاہور اتاراگیا۔
سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان ایئرپورٹ پر بھی شدید دھند سے لینڈنگ متاثر ہے ، موسم کی خرابی کی وجہ سے آمداور روانگی کی 45 پروازوں میں تاخیر کا شکار ہے، لاہور، دبئی، جدہ، ابوظہبی، استنبول، دوحہ اور کراچی روانگی کی پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔
استنبول سے لاہور کی پرواز کیو آر 714 کی آمد میں پونے 3 گھنٹے کی تاخیر ہوئی جبکہ لاہور سے دمام، دبئی، کویت سٹی کی پروازیں بھی تاخیر سے روانہ ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حد نظر بہتر ہونے پر اسلام آباد اتاری گئی پروازوں کو لاہور لایا گیا، اسلام آباد کا موسم کلیئر ہے جبکہ کراچی،پشاور ایئرپورٹس پر بادلوں کے ڈیرے ہیں۔
دوسری جانب دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز بھی ٹریفک کے لئے بند ہیں، ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن اور ہرن مینارتک، موٹروے ایم تھری لاہور سے جڑانوالہ تک، موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون، موٹر وے ایم فور باہو انٹر چینج سے فیصل آباد انٹرچینج تک، موٹروے کو باہو انٹرچینج سے عبدالحکیم انٹرچینج تک اور موٹروے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک بند کر دی گئی ہے