کراچی : شہید ملت روڈ پر تیزرفتار کار کی ٹکر سے گرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو ٹینکر نے کچل ڈالا ، جس میں 2 افراد موقع پر جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہید ملت روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے گرنے والے موٹر سائیکل سوار ٹینکر کی زد میں آگئے ، جس کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا ، جس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا مرنے والوں کی شناخت 57 سالہ سید نعمان اور 49 سالہ اسرار کے نام سے ہوئی تاہم 30سال کےزخمی شخص کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔
ٹریفک پولیس ک کا کہنا ہے کہ شہید ملت روڈ پر تیزرفتار کار نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مارکرسڑک پر گرایا اور کار سوار کے پیچھے سے آنے والا واٹر ٹینکر موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ گیا، ،ٹینکر ڈرائیور موٹر سائیکل کا اگلا حصہ 100 میٹر تک گھسیٹتا ہوا لایا۔
پولیس حکام کے مطابق مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگادی اور حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے ہی فرار ہوگیا تاہم ٹینکر میں موجود کلینر کو حراست میں لیا گیا ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کے علاقہ شہید ملت روڈ پر ٹینکرز سے دو نوجوانوں کی ہلاکت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ٹینکرز مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا معاشی حب کراچی میں ٹینکرز موت بانٹتے پھر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔