لاہور : سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جعلی تصاویر شیئر کرنے والے 20 اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی گئی اور 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر گرفتاریاں جاری ہے۔
ذرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ تصاویر شیئر کرنے والے 20 اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کیلئےجوائنٹ انو یسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے، ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری کو جے آئی ٹی کےسربراہ مقرر کیا گیا ہے، جے آئی ٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور، ملتان اور فیصل آباد شامل ہیں.
مزید پڑھیں : مریم نواز کیخلاف مہم چلانے والا پکڑا گیا
گذشتہ روز ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر رہنماؤں کے خلاف مہم چلانے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا، ملزم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور یو اے ای صدر کےخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی تھی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) صدر کے ساتھ تصاویر کو ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کیا جا رہا ہے، جس پر وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے حکومت کی درخواست پر معاملے کی انکوائری شروع کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی نے ان کی یو اے ای کے صدر کے ساتھ تصویر اپنے ایکس اکاؤنٹ سے 5 جنوری کو شیئر کی تھی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی دیکھا جا سکتا ہے تاہم مذکورہ تصویر کو سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے قابل اعتراض ایڈیٹنگ کر کے وائرل کیا تھا۔