بنگلادیش سے فرار ہونے والی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بھانجی ٹیولپ صدیق کرپشن کے الزامات پر برطانوی وزیر برائے انسداد بدعنوانی کے عہدے سے مستعفی ہو گئیں۔
بنگلا دیش میں بدعنوانی کی تحقیقات میں نام آنے کے بعد انسداد بدعنوانی کی وزیر ٹیولپ صدیق نے منگل کو برطانیہ کی حکومت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
وزیر اعظم کیر اسٹارمر کو لکھے گئے خط میں صدیق نے دہرایا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تاہم عہدے پر برقرار رہنا ممکنہ طور پر "حکومت کے کام سے خلفشار ہو گا”۔
صدیق اپنی خالہ حسینہ واجد سے روابط کے بارے میں دعوؤں کی وجہ سے پریشان ہیں جن کے خاندان کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔
پیر کے روز، بنگلا دیش کے انسداد بدعنوانی کمیشن نے اعلان کیا کہ حسینہ واجد اور ٹیولپ صدیق سمیت خاندان کے افراد کو ایک اور بدعنوانی کی تحقیقات کا سامنا ہے جس میں دارالحکومت ڈھاکا کے ایک مضافاتی علاقے میں منافع بخش پلاٹوں کی مبینہ زمین پر قبضے کا الزام ہے۔
ٹیولپ صدیق سمیت خاندان کے افراد پہلے ہی روسی فنڈ سے چلنے والے نیوکلیئر پاور پلانٹ سے منسلک 5 بلین ڈالر کے غبن کے الزام میں کمیشن کی تحقیقات کے نامزد افراد کے طور پر سامنے آئے۔
بنگلا دیشی منی لانڈرنگ کے تفتیش کاروں نے اس کے بعد ملک کے بڑے بینکوں کو تحقیقات کے حصے کے طور پر صدیق سے متعلق لین دین کی تفصیلات حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔