مولانا فضل الرحمان 8 فروری کے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں ایسے میں انہیں ایک بڑی پیشکش کر دی گئی ہے۔
گزشتہ سال 8 فروری کے عام انتخابات کے نتائج پر صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی دھاندلی کے الزامات لگاتے ہیں۔ ایسے میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو بڑی پیشکش کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں جس کو انتخابی نتائج پر اعتراض ہے بتائے، ہم وہ حلقے کھولیں گے۔ اگر مولانا فضل الرحمان سمجھتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، تو تمام حلقے کھولنے کیلیے تیار ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو انتخابات کروائے، یہ تاریخ کے بدترین الیکشن تھے۔ ہم نے کبھی ٹھیک الیکشن نہیں کرائے، اس وجہ سے یہاں مسائل ہیں اور پاکستان کو سیاسی عدم استحکام نے گھیر لیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کی ڈیٹ جس کی بھی آئےاس کو ریٹائرہ ونا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت 9 مئی واقعات کے پیچھے چھپ کر حکومت کر رہی ہے 9 مئی اور 26 نومبر پر ایسی انکوائری ہونی چاہیے کہ کوئی انگلی نہ اٹھائے۔ ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ جو بھی آتا ہے، مذاکرات جاری رہیں گے۔ عمران خان نے القادر ٹرسٹ سے قبل شوکت خانم اسپتال بھی بنایا تھا۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا جو شور ہے تو یہ رقم عمران خان کے پاس نہیں بلکہ حکومت پاکستان کے اکاؤنٹ میں گئی۔ این آر او اگر مانگنا ہوتا تو پہلے مانگتے تو اب کیا مانگیں گے۔