قومی نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ جو حال ہی میں پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ اور پھر یوٹرن لینے کے باعث خبروں میں ہیں انہیں ایک بڑی آفر مل گئی ہے۔
احسان اللہ جنہوں نے 2022 میں پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے2022 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور امرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے تھے۔
حال ہی میں پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ میں نظر انداز کیے جانے پر گزشتہ دنوں احسان اللہ نے پاکستان سپر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کچھ دیر بعد ہی اس اعلان کو واپس بھی لے لیا۔
اب نئی خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر کو بڑی آفر مل گئی ہے اور یہ آفر پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے دی گئی ہے۔
علی ترین نے گزشتہ روز احسان اللہ سے رابطہ کر کے انہیں ملازمت کی پیشکش کی جس کو انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ اب فاسٹ بولر رواں سیزن میں پریذیڈنٹ کپ گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کی ڈیپارٹمنٹل ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
وہ نہ صرف اپریل اور مئی میں ہونے والے اس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے بلکہ مکمل فٹنس اور فارم کی بحالی کے لیے ملتان سلطانز کی سہولتوں سے بھی مستفید ہوسکیں گے۔
احسان اللہ اس دوران ملتان سلطانز کی فاسٹ بولنگ کوچ کیتھرین ڈیلٹن کی زیر نگرانی لودھراں کی ملتان سلطانز اکیڈمی میں ٹریننگ کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق علی ترین احسان اللہ کو اگلے برس پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ اس کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔