ممبئی : بھارتی ٹی وی کے 22 سالہ معروف اداکار ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، متوفی امان جیسوال مشہور پروگرام دھرتی پتر نندنی میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔
مذکورہ بھارتی ٹی وی شو کے مصنف دھیرج مشرا نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی اور بتایا کہ امان جیسوال ایک آڈیشن کے لیے جا رہے تھے کہ جوگیشوری ہائی وے پر ان کی بائیک کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔
View this post on Instagram
امان کے دوست ابھینیش مشرا نے میڈیا کو بتایا کہ اندوہناک حادثے کے بعد اداکار کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جان کی بازی ہار گئے۔
مصنف دھیرج مشرا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں امان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ "تم ہمیشہ ہماری یادوں میں زندہ رہو گے، تمہاری موت سے ہم سب صدمے میں ہیں، الوداع۔
واضح رہے کہ امان جیسوال کا تعلق اتر پردیش کے علاقے بلیا سے تھا۔ انہوں نے بھارتی ٹی وی شو دھرتی پتر انندنی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، مرحوم نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک ماڈل کے طور پر کیا۔
مزید پڑھیں : معروف بھارتی اداکار دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی اداکار سدیپ پانڈے بھی 30 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا چھوڑ گئے تھے۔
سدیپ نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز 2007 میں بھوجپوری فلم بھوجپوریا بھیا سے کیا، انہوں نے بہت سی بھوجپوری فلموں میں کام کیا۔ 2019 میں وہ ہندی فلم وی فار وکٹر میں نظر آئے، انہوں نے حال ہی میں پارو پٹنہ والی کے دوسرے حصے کی شوٹنگ شروع کی تھی۔