واشنگٹن: امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج واشنگٹن میں حامیوں سے خطاب کریں گے، کل عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے اقتدار کے پہلے ہی روز غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری کر لی، سرحدی امور کے ذمہ دار ٹام ہومین نے کہا ہے کہ لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کے انتخابی وعدے پر عمل ہوگا۔
ٹام ہومین کا کہنا تھا کہ کوئی خود سے واپس چلا گیا تو ٹھیک ہے، ورنہ اسے ڈھونڈ کر باہر نکالیں گے، اور پہلے دن ہی بڑے پیمانے پر غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاریاں کریں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق آئندہ منگل کو شکاگو میں امیگریشن ریڈ کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے، دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی دوبارہ صدارت سنبھالنے کے بعد متعدد غیر قانونی تارکین وطن واپس چلے گئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی مدت کے پہلے دن کیا کرنے کا وعدہ کیا ہے؟
یاد رہے کہ فاکس نیوز کے اینکر نے ایک انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا تھا کہ آپ پہلے دن کیا کریں گے؟ اینکر نے ٹرمپ سے پوچھا کہیں آپ ڈکٹیٹر تو نہیں بنیں گے؟ ٹرمپ نے جواب میں کہا کہ نہیں پہلے دن کے علاوہ ڈکٹیٹر نہیں بنوں گا۔