امریکا کے دوسری بار منتخب ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی وائٹ ہاؤس آمد پر سبکدوش ہونے والے صدر جوبائیڈن نے استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کےساتھ اہلیہ میلانیہ ٹرمپ بھی موجود تھیں۔
حلف برداری سےقبل امریکی صدر نےچرچ میں دعائیہ تقریب میں حصہ لیا۔ واشنگٹن میں سردی بڑھنے کی وجہ سے ڈونلڈٹرمپ کی حلف برداری ہال میں ہو گی۔ حلف برداری کی تقریب کیلئے مہمانوں کوکیپٹل ہل میں لایا جائے گا۔
روسی صدرپیوٹن نے امریکی صدرٹرمپ کو حلف اٹھانے سے پہلے مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ یوکرین سمیت جوہری ہتھیاروں پربات چیت کے لیے تیار ہیں ہم نےکبھی بھی بات کرنے سے انکار نہیں کیا امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کےلیے ہمیشہ تیار رہے ہیں۔
ریپبلکن ہاؤس اسپیکر مائیک جانسن کا کہنا ہے کہ حلف برداری کے موقع پر امریکی جھنڈے پورے لہرائےجائیں گے تاہم حلف برداری کے بعد جھنڈے دوبارہ سرنگوں کر دیئےجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جھنڈے سرنگوں کا مقصد امریکی صدر جمی کارٹر کوخراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
سابق صدر جمی کارٹر 29 دسمبر 2024 کو انتقال کر گئے تھے جنہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے امریکی پرچم سرنگوں رکھے گئے۔