کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر شہری کے گھر پر قبضہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ خاتون پولیس اہلکار سے 2018 میں شادی ہوئی 2022 میں طلاق ہوگئی، سابق بیوی نے سکھن تھانہ پولیس کے ساتھ مل کر میرے گھر پر قبضہ کرلیا۔
شہری کا کہنا ہے کہ معاملے پر ایس ایچ او سکھن کو درخواست دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
متاثرہ شہری کے مطابق ایس ایچ او سکھن کے پاس گیا تو انہوں نے درخواست لے کر تھانے سے نکال دیا، میں نے درخواست کی ریسیونگ مانگی تو ایس ایچ او نے کہا تھانے سے نکل جاؤ۔
شہری کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی ملیر کے آفس میں کئی درخواستیں دے چکا ہوں لیکن کچھ نہیں ہوا، ڈی آئی جی ویسٹ کے آفس میں بھی درخواستیں دیں لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔
شہری کا کہنا ہے کہ بہت پریشان ہوکر اے آر وائی نیوز کے دفتر آیا ہوں، معاملے کا نوٹس لیا جائے۔