واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 18 فروری سے تیل اور گیس پر ٹیرف کے نفاذ کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین پر بھی ٹیرف نافذ کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے تیل اور گیس پر 18فروری سے ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیل، المونیم اور تانبے پر بھی ٹیرف لاگو ہوگا، ٹیرف کے نفاذ پر کینیڈا، میکسیکو اور چین کچھ نہیں کرسکتے، ٹیرف کو یورپی یونین پر بھی نافذ کریں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ سنجیدہ بات چیت چل رہی ہے، اس سلسلے میں کچھ اہم اقدامات کیلئے پرامید ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا کا رویہ اچھا نہیں رہا، ٹیرف کے نفاذ سے قلیل مدتی خلل پڑسکتا ہے، تاہم مارکیٹ کے ردعمل پر تشویش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن دور میں محکمہ انصاف نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، بائیڈن انتظامیہ نے سرکاری اداروں کو کرپٹ کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں وفاقی ملازمین گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کررہے تھے، ایک ٹریلین ڈالر کے غیرضروری اخراجات کی کٹوتی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وارننگ دی ہے کہ اگر کسی ملک نے امریکی ڈالر کے غلبہ کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی کرنسی لانچ کرنے کی کوشش کی تو اس پر 100 فیصد ٹیرف نافذ کردیا جائے گا، انہوں نے یہ پیغام اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘پر ایک پوسٹ میں پوسٹ کیا۔