اسلام آباد: نمائش اور فلم اسکریننگ پر مبنی ایک تقریب میں ہندوکش ہمالیائی خطوں کی شان دار کہانیوں کو اسکرین کی زینت بنا کر ناظرین کو اس خطے کی معدوم ہوتی خوش نما روایات سے روشناس کرایا گیا۔
اسلام آباد میں ’ایکو آف دی سلک روٹس: بیٹوین ماؤنٹینز اینڈ ڈیزرٹ‘ کے عنوان کے تحت لاجوَرد کی جانب سے ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی بحران پر الائنس فرانسز اسلام آباد میں ایک نمائش اور فلم اسکریننگ کے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 150 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
اس تقریب میں ہندوکش ہمالیہ اور وسطی ایشیائی خطوں کی کہانیوں، روایات اور تحفظ کی کوششوں کو پیش کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات کے درمیان ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا تھا۔ نمائش میں پہاڑی کمیونٹیز اور تاریخی سلک روٹس کے درمیان تعلقات کو اجاگر کیا گیا، جہاں معدوم ہوتی روایات، نوادرات، اور کہانیوں کو پیش کیا گیا، جو صدیوں سے ان خطوں کا حصہ ہیں۔
شرکا نے ان نمائشوں اور فلموں میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا، جنھوں نے ان علاقوں کو درپیش چیلنجز اور لاجوَرد کے تحفظ کی کوششوں کو منفرد انداز میں پیش کیا۔
اس شام میں بلتی کھانوں کی خصوصی پیش کش بھی شامل تھی، جس نے اس خطے کی ثقافتی میراث کو اجاگر کرتے ہوئے ایک منفرد ذائقہ دار تجربہ فراہم کیا۔ مہمانوں نے لاجوَرد ٹیم کے ساتھ بات چیت کی اور ان نازک پہاڑی ماحولیاتی نظام میں جاری تحفظاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
لاجوَرد کے تحت ورثے کی دستاویز بندی، آرکیٹیکچرل تحفظ، اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے ذریعے ہندوکش ہمالیہ خطے میں ثقافتی ورثے اور ترقی کے لیے کام کیا جاتا ہے۔