نئی دہلی: بھارتی روپے کی قدر میں زبردست کمی آ گئی ہے، اور پہلی بار ڈالر کی قیمت 87 روپے سے بھی بڑھ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر لگاتار گرتی جا رہی ہے، آج 3 فروری کو کاروبار کے آغاز میں ڈالر کے مقابلے روپیہ 67 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ 87.29 روپے فی ڈالر کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کینیڈا، میکسیکو اور چین پر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اضافی ٹیرف لگائے جانے کے اثرات بھارت کے اندر مقامی کرنسی پر بھی مرتب ہونے لگے ہیں، ٹرمپ کے اقدام سے وسیع عالمی تجارتی جنگ کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔
کویت کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپٹو کرنسی فراڈ، سرمایہ کاروں کے 40 ملین دینار ڈوب گئے
روپے کی قدر میں اس تاریخی گراوٹ کے بعد کانگریس ایک بار پھر مودی حکومت پر حملہ آور ہے، کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے ایک پوسٹ میں وزیر اعظم مودی کا ایک پرانا بیان شیئر کیا ہے، جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’’جیسے جیسے روپیہ گرتا ہے، وزیر اعظم کا وقار گرتا ہے۔‘‘
کرنسی ایکسچینج کے ماہرین کے مطابق غیر ملکی سرمایہ مستقل نکالے جانے اور تیل درآمدات کی وجہ سے ڈالر کی مستقل طلب کے سبب غیر ملکی مارکیٹوں میں ڈالر اور مضبوط ہوا ہے، جس کی وجہ سے روپیہ پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
انٹر بینک بیرون ملکی کرنسی ریگولیٹری مارکیٹ میں روپیہ 87 فی ڈالر پر کھلا اور شروعاتی سودوں کے بعد 67 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ ڈالر کے مقابلے 87.29 پر آ گیا، روپیہ جمعہ کے روز امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے 86.62 پر بند ہوا تھا۔