اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے متعلق معاملہ لارجربینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دیا، وفاق کو فوری جواب جمع کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، چاروں صوبوں نے عدالت عظمیٰ میں اپنا جواب جمع کرا دیا ہے، اہم وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔
عدالت کے استفسار پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایاکہ صرف نوٹس ملاتھا، جواب جمع کرانے کی ہدایت نہیں کی گئی، جس پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے برہمی کا اظہار کرنے ہوئے وفاق کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد اپنا جواب جمع کرائے۔
ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے استدعا کی جواب جمع کرانے کے لیے تین دن کی مہلت دی جائے ،جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا، جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ اٹھارویں ترمیم سے متعلق کیس کی سماعت لارجر بینچ نے کی تھی، تین رکنی بینچ اس حوالے سے احکامات جاری نہیں کرسکتا۔