جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ نمائندہ منتخب اسمبلی اور حکومت چاہتے ہیں اس کے لیے نئے الیکشن میں جانا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ حمد اللہ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، صرف مشاورت ہوئی ہے، ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باقاعدہ الائنس یا اتحاد بنے۔
انہوں نے کہا کہ اسد قیصرکےگھر پر ایک بیٹھک ہوئی ہے جہاں سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی، مولانافضل الرحمان سمیت پوری سیاسی قیادت ملاقات میں شریک تھی، ملاقات میں اتفاق ہوا کہ ملک میں سیاست ہے اور نہ ہی جمہوریت۔
’’ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ایک اتحاد ہو، ابھی تک تو یہ مشاورت کی حد تک ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک اتحاد ہو، لیکن چند چیزوں پر اپوزیشن ایک ذہن بناچکی ہے‘‘۔
رہنما جےیوآئی نے کہا کہ 8 فروری کو ہونیوالا الیکشن نہیں تھا وہ آکشن تھا، ہم ملک میں سیاسی اور جمہوری استحکام چاہتے ہیں، نمائندہ منتخب اسمبلی اور حکومت چاہتے ہیں اس کے لیے نئے الیکشن میں جانا ضروری ہے کیوں کہ موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں، ملک میں رول آف لا نہیں۔
حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو جو نہیں ہے، ملک میں کوئی آئین بھی نہیں ہے، مطالبہ یہی ہوگا کہ ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔