امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس نے لوگوں کو حیران کر دیا، ایک شخص کشتی چلاتے ہوئے اچانک بے ہوش ہو گیا تھا، اور اس کی کشتی جھیل کے پانی میں گول گول چکر کاٹنے لگی تھی اور مہلک حادثے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس سے معلوم ہوا کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں کشتی چلانے والا ایک شخص بے ہوش ہو گیا تھا، اور اس کی کشتی بے قابو ہو گئی تھی، تاہم ریسکیو ٹیم نے کشتی کو کنٹرول کر کے ساحل تک پہنچایا۔
ویڈیو میں متاثرہ شخص کو کشتی کے فرش پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ اس دوران کشتی مسلسل چکر کاٹتی رہی، پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شوگر لیول کم ہونے سے کشتی چلانے والا شخص بے ہوش ہو گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو فلوریڈا کی جھیل ڈیاس میں پیش آیا، ولوزیا کاؤنٹی کی پولیس اور فائر ریسکیو نے بے ہوش شخص کو بچایا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو عملے کی بوٹ نے بے قابو کشتی کے ساتھ ساتھ چکر کاٹنا شروع کیے، اہلکار موقع ڈھونڈ رہا تھا کہ وہ کشتی پر چھلانگ لگا سکے۔
ویڈیو: منہ سے ٹیبل ٹینس کھیلنے کا عالمی ریکارڈ بن گیا
کئی چکر کاٹنے کے بعد آخر کار ریسکیو اہلکار عین اس موقع پر کشتی میں کودنے میں کامیاب ہوا جب بے قابو کشتی چکر کاٹتے جھیل کے کنارے پر موجود کٹے درخت سے ٹکرانے والی تھی۔
بے ہوش شخص کو کشتی سے نکالنے کے بعد ساحل پر لے جا کر طبی امداد دی گئی۔