بنگلہ دیش نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مفرور اور معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو بیانات دینے سے روکے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے مشیر خارجہ امور توحید حسین نے بھارتی حکومت کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مفرور اور معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے سے روکے۔
بنگلہ دیشی دفتر خارجہ نے بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاجی نوٹ دیا اور اشتعال انگیز بیانات روکنے کا مطالبہ کیا۔
بنگلا دیشی خارجہ امور کے مشیر توحید حسین نے پاکستان سے متعلق سوال پر کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے ساتھ بھی اچھے تعلقات دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ شپنگ دوبارہ شروع کیے جانے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طلبہ احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد 16 سال تک مطلق العنان حکمرانی کرنے والے معزول وزیراعظم اپنا اقتدار اور ملک چھوڑ کر بھارت فرار ہو گئی تھیں اور اب تک اپنے اسی دوست ملک میں پناہ گزین ہیں۔
گزشتہ دنوں حسینہ واجد نے بھارت سے آن لائن عوامی لیگ کے کارکنوں سے خطاب میں بنگلہ دیش مخالف تقریر کی تھی۔ اس تقریر کے بعد بنگلہ دیشی عوام مشتعل ہو گئے تھے اور گزشتہ روز انہوں نے ڈھاکا میں ان کی آبائی رہائشگاہ کو توڑ پھوڑ کرنے کے بعد جلا دیا تھا۔
ویڈیو: بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کا گھر گرانے کے بعد جلا دیا گیا