ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

ویڈیو: پولیس مقابلے کے بعد بدمست اہلکاروں کا ایمبولنسوں کے ہمراہ ’’فتح‘‘ کا جلوس، شدید ہوائی فائرنگ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گلشن حدید، سومار گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ’’فتح‘‘ کے نشے میں چُور بدمست اہلکاروں نے ایمبولنسوں کے ہمراہ جلوس نکالا اور شدید ہوائی فائرنگ کی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات گلشن حدید، سومار گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد پرائیویٹ کار میں اہلکار ایمبولنسوں اور موبائلوں کا کانوائے بنا کر گلیوں سڑکوں پر دونوں زخمیوں کو گھماتے رہے اور بلاوجہ شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے۔

پرائیویٹ کار میں سوار افراد کی شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا، کانوائے کی صورت میں فائرنگ کے اس واقعے کی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز کو حاصل ہوئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گزشتہ روز 2 ملزمان کی گرفتاری کو ڈرامائی رنگ دیا۔

مبینہ مقابلے کے بعد پہلے فلاحی اداروں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں نے ویڈیوز بھی بنوائیں، اور پھر پرائیویٹ کار میں سوار سادہ لباس اہلکاروں نے کانوائے بنایا، جس میں پرائیویٹ کار، پولیس موبائلیں اور ایمبولینسیں شریک تھیں، مبینہ مقابلے میں زخمی دونوں ملزمان کو پولیس دیر تک گلیوں اور سڑکوں پر گھماتی رہی۔

اس دوران کار سوار پولیس موبائلوں کے سامنے ہاتھ نکال کر شدید ہوائی فائرنگ کرتا رہا، گلیوں اور مارکیٹوں میں موجود لوگ رک کر فائرنگ ہوتے دیکھتے رہے، واضح رہے کہ ہوائی فائرنگ کے باعث کراچی میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں، اگر اس حرکت کی وجہ سے کوئی بچہ یا شہری زخمی یا جان سے چلا جاتا تو کون ذمہ دار ہوتا؟

 

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں