کراچی : ابراہیم حیدری سے کورنگی کراسنگ آنے والی سڑک پر ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار تین افراد کو کچل دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک کے خونی کھیل کو روکا نہ جاسکا، ابراہیم حیدری سے کورنگی کراسنگ آنے والی سڑک پر ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار تین افراد کو کچل دیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ رانگ سائیڈ سے آنے والے ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار افراد کو روند ڈالا ، تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی جبکہ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق دوافرادکی شناخت پچیس سالہ آصف اور ستائیس سالہ امجد کے نام سے ہوئی ہے۔..
ٹریفک سیکشن افسر نے واقعے کو اتفاقیہ حادثہ قرار دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ڈمپر تیزرفتاری سے رانگ وے پر جارہا تھا، حادثہ اتفاقیہ طور پر پیش آیا۔
ریسکیوحکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونےوالے2افرادپنجاب سےآئےمہمان تھے، جاں بحق تیسرا شخص موٹرسائیکل پر مہمانوں کو گھمانے کیلئے لیکر نکلاتھا، حادثے میں جان سے ہاتھ دھونے والا تیسرا شخص اسٹیل آئرن شاپ پر ملازم تھا۔
یاد رہے کراچی میں خونیں ٹریفک حادثوں میں گذشتہ دو روز میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
گذشتہ روز شیر شاہ کے علاقے میں تیز رفتاری موٹر سائیکل سوار شہری زندگی کی بازی ہار گیا تھا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتی مسافر بس نے بیچ سڑک پر بس روک ، تیزی سے انے والا موٹر سائیکل سوار شہری اوورٹیک کرتے ہوئے 22 ویلر ٹینکر کے ٹائروں کی زد میں آیا۔
ایک اور واقعے میں کورنگی صنعتی ایریا میں بھی موٹر سائیکل سوار شہری ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا، ٹریفک کے دیگر حادثات کریم آباد اور سپر ہائی وے پر پیش آئے۔