پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

لیبارٹری میں ڈاکٹر کی مرضی کی جعلی رپورٹیں کیسے تیار کی جاتی ہیں؟ ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

منڈی بہاؤالدین : لیبارٹری میں ٹیسٹ کے نام پر جعلی رپورٹیں تیار کرکے لوگوں کو لوٹنے کا دھندہ ٹیم سر عام  نے بے نقاب کردیا۔

منڈی بہاؤالدین کے سرکاری اسپتال سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر پھالیہ میں قائم لیبارٹری سے ڈاکٹروں کی ملی بھگت سے کمیشن کے عوض مریضوں کو وہی بیماریاں لکھ کر دی جاتی تھیں جو ڈاکٹر خود بتاتے ہیں تاکہ لوگوں سے علاج کے نام پر بڑی بڑی رقوم اینٹھ سکیں۔

ٹیم سرعام  نے اس دھندے کو بھی بے نقاب کرنے کیلیے وہاں ڈاکٹر وسیم کے روپ میں ایک نمائندے کو بھیجا اور لیبارٹری مالک اختر علی قادری کو پیشکش کی کہ جس کسی کو میں ٹیسٹ کیلیے بھیجوں گا اس کی رپورٹ میں وہی بیماری لکھنی ہے جو میں کہوں گا۔

بعد ازاں لیبارٹری کا مالک جو دیکھنے میں انتہائی شریف اور مذہبی لگتا تھا خلاف توقع اس نے جعلی رپورٹ بنا کر دی اور مریض کو کہا کہ تم کو معدے اور جگر کی بیماری ہے اسی ڈاکٹر وسیم کے پاس جاکر اپنا علاج کراؤ۔

یہی نہیں اس بار ٹیم سر عام کے نمائندے ڈاکٹر وسیم  نے لیبارٹری مالک اختر علی قادری سے کہا کہ اس بار جو مریض آئے گا اسے ایڈز کی رپورٹ بنا کر دینا، چند ہزار روپے کے عوض اس نے اس کام کی بھی حامی بھرلی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک اور لڑکی کے حمل کی جعلی مثبت رپورٹ بنانے پر بھی راضی ہوگیا بلکہ اس لڑکی کو  راز داری سے حمل ضائع کرانے کا مشورہ بھی دیا۔

بعد ازاں اقرار الحسن کی قیادت میں ٹیم سرعام  نے لیبارٹری کے مالک سے بات کی پہلے تو اس نے اپنے اس جرم سے صریحاً انکار کیا تاہم ویڈیوز ثبوت دیکھنے کے بعد اس نے بلا چوں چراں اپنے جرم کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ ایسا کام نہ کرنے کا تہیہ کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں