اسلام آباد: بجلی کمپنیوں کی جانب سے صارفین پر ایک اور حملہ کر دیا گیا ہے، تقسیم کار کمپنیوں نے سیکیورٹی ڈیپازٹ ریٹس میں 200 فی صد اضافہ کرانے کی کوشش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین پر ایک اور بوجھ ڈالنے کی حکومتی تیاریاں جاری ہیں، صارفین کے سیکیورٹی ڈیپازٹ ریٹس 200 فی صد سے زائد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
8 بجلی کمپنیوں کی درخواست پر نیپرا میں آج سماعت ہوگی، پیسکو، میپکو، گیپکو، لیسکو، فیسکو، حیسکو، کیسکو اور ٹیسکو نے درخواستوں میں گھریلو، کمرشل، انڈسٹریل اور زرعی صارفین کے لیے اضافہ مانگا ہے۔
بجلی کمپنیوں نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ تمام کیٹیگریز کے لیے بجلی نرخوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، موجودہ سیکیورٹی ڈیپازٹ ڈسکوز کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے ناکافی ہیں۔
نیپرا اتھارٹی اس معاملے پر سماعت کے بعد سیکیورٹی ڈیپازٹس سے متعلق فیصلہ کرے گی۔