واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جج پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے عدالتی نظام ہمیں وہ کرنے دے گا جس کیلئے ہم منتخب ہوئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جج سیاست کر رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے وائٹ ہاؤس میں مختلف ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایلون مسک بھی موجود تھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی عوام کے ٹیکس کی رقم کے ساتھ فراڈ کیا گیا، اس حوالے سے ایلون مسک اور ان کی ٹیم نے کئی خرابیوں کی نشاندہی کی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومتی اخراجات میں جاری کٹوتیاں روکنے پر امریکی جج پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ انتظامیہ کو روکنے میں ملوث جج سیاست کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جج ہمیں فراڈ کا پتہ چلانے سے کیسے روک سکتے ہیں، یوایس ایڈ میں کرپشن صاف نظر آرہی ہے، اربوں ڈالر مالیت کی کرپشن کی گئی جو اب سامنے آچکی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جو عدالت یہ کہے کہ صدر یا کوئی عہدیدار معاملات کا جائزہ نہیں لے سکتا تو وہ ملک ہی نہیں ہوگا۔
اس سے قبل ٹیسلا کے بانی ایلون مسک حکومتی استعداد کار سے متعلق محکمے کا دفاع کرنے ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ غیر جمہوری بیورکریسی ملک کیلئے مسائل پیدا کررہی ہے، محکمہ خزانہ میں ادائیگی کے نظام میں خرابیاں دور کریں گے۔
ایلون مسک نے کہا کہ ایسے لوگ ہیں جو امریکی عوام کے ٹیکس سے امیر ہوئے، اگر امریکی عوام کے ٹیکس کی رقم کا غلط استعمال ہوا ہے تو اس کو روکیں گے۔
واضح رہے کہ حکومتی اخراجات میں جاری کٹوتیاں روکنے سے متعلق فیصلے پر امریکی جج نے حکم دیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ وفاقی اخراجات منجمد کرنے پر پابندی ہٹانے کے حکم پر مکمل عمل درآمد کریں۔
اس سے پہلے ڈیموکریٹ ریاستوں کے 23 اٹارنی جنرل ایک درخواست لے کر امریکی ڈسٹرکٹ جج جان میک ڈونل کی عدالت میں آئے تھے اور کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت کے حکم پر اب تک عمل درآمد نہیں کیا۔