کراچی : مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ اور دیگر کے خلاف کورنگی میں ٹرک جلانے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت عوامی کالونی تھانے میں درج کرلیا گیا۔
مذکورہ مقدمہ ٹرک ڈائیور فرید خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹرک کو آفاق احمد کے حکم پر آگ لگائی گئی۔
آفاق احمد نے بھاری ٹریفک کو شہر میں داخل ہونے سےمنع کر رکھا تھا، مدعی کے مطابق اس کا ٹرک جلانے کی وجہ ان کا دھمکی آمیز ویڈیو بیان ہے۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ آفاق احمد کی بیان بازی سے شہرکا پر امن ماحول خراب ہوا، ایف آئی آر میں پندرہ سے بیس نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ کو گرفتاری کے بعد فیروزآباد تھانے منتقل کردیا گیا تھا ان کے وکیل ماہر قانون بیرسٹر حسن خان نے فیروزآباد تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔
بیرسٹرحسن نے کہا کہ ہماری ایم کیو ایم کے چیئرمین سے ملاقات ہوئی ہے ایم کیوایم حقیقی کی قیادت نے مجھے قانونی مشاورت کیلئے بلایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں قانونی ایڈوائزر کے طور پر آیا ہوں، آفاق احمد نےکارکنان کو پرامن رہنے کاپیغام دیا ہے، بیرسٹر حسن خان نے کہا کہ آفاق احمد پر جو ایف آئی آر کی گئی ہے وہ تمام الزامات غلط ہیں۔
واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
گرفتاری کی وجوہات بیان کرتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ آفاق احمد کے کہنے پر کراچی میں مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں اور اس کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق آفاق احمد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آفاق احمد کو ان کے گھر ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا اور فوری طور پر کورنگی تھانے منتقل کیا گیا تھا۔