بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

لیبیا کشتی حادثہ ، 16 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق، 10 لاپتہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے لیبیا کشتی حادثہ میں 16 پاکستانیوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 10 لاپتہ ہے اور 37 افراد زندہ بچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی لالچ آئے روز جانیں لے رہی ہے۔

لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کے نام، اور جاں بحق پاکستانیوں کی سفری تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ حادثےکی اطلاع پر طرابلس میں پاکستانی سفارتخانےکی ٹیم نےزاویہ شہرکادورہ کیا، جہاں مقامی حکام اور اسپتال انتظامیہ سےملاقات کے بعد معلومات اکٹھی کیں۔

ترجمان نے بتایا کہ حادثے کا شکار کشتی میں تریسٹھ پاکستانی سوار تھے، جن میں سے سولہ پاکستانی اپنی جان سے گئے، جبکہ سینتیس افراد زندہ بچ گئے اور 10 کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ جاں بحق 16پاکستانیوں کی تفصیلات کے مطابق ثقلین حیدر ،سراج الدین،شعیب حسین ، نصرت حسین ، جاں بحق شعیب علی ،سید شہزاد حسین ، عابدحسین ، شاہد، آصف علی ،مصور،عابد حسین،مصائب حسین،اشفاق حسین کا تعلق کرم ایجنسی سے تھا۔

اس کے علاوہ محمد علی شاہ کا تعلق اورکزئی ایجنسی،انیس خان کا تعلق پشاور سے تھا۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ تیرہ افراد کا تعلق ضلع کرم سے تھا تاہم زخمیوں میں سے ایک اسپتال میں، تینتیس مقامی پولیس کی تحویل میں اور تین طرابلس میں ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ایک پاکستانی تافتان بارڈر سے جبکہ دیگر چھے کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور فیصل آباد ایئر پورٹس سے الگ الگ تاریخوں میں روانہ ہوئے تھے، بعد میں کس طرح کشتی تک پہنچے اور کہاں سے اس سفر کا آغاز کیا، اس کے بارے میں معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں