نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا جھٹکا ملا فاسٹ بولر بین سیئرز انجری کے باعث نہ صرف فائنل بلکہ چیمپئنز ٹرافی سے بھی باہر ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آج پاکستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کا فائنل اپنے دو اہم کھلاڑیوں کے بغیر کھیل رہی ہے۔ اوپنر راچن رویندرا تو پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد سہ فریقی سیریز سے باہر ہوئے تاہم کیوی ٹیم کو فاسٹ بولر بین سیئرز اچانک ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر چیمپئنز ٹرافی کے حتمی اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق بین سیئرز بدھ کو کراچی میں ٹریننگ سیشن کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے۔ ان کی انجری اس قدر شدید نوعیت کی ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔
کیوی ٹیم میں بین سیئرز کی جگہ جیکب ڈفی کو چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ پہلے ہی تین ملکی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم کے ہمراہ پاکستان میں موجود ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ بورڈ کی جانب سے رجوع کرنے پر آئی سی سی ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے کیوی کے اسکواڈ میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے صائم ایوب اور بھارت کے جسپرت بمراہ کے علاوہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ سمیت چار کھلاڑی، افغان اسپنر اے ایم غضنفر، جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر اینرک نورکیا انجریز کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیموں کا حصہ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی: آپ پاکستان ٹیم کی آفیشل جرسی کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ جانیے اس خبر میں