نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیت لی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 243 رنز کا ہدف باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر 45.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
ڈیرل مچل نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ول یونگ 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ڈیون کانوے 48 رنز بنا کر نسیم شاہ کا نشانہ بنے، کین ولیمسن 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ٹام لیتھم 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور گلین فلپس 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد، شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے خراب بیٹنگ کے بعد فیلڈنگ میں بھی کئی کیچز گرائے اور ایل بی ڈبلیو ہونے کے باوجود اہم مواقع پر ریویو بھی نہیں لیا۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم 49.3 اوورز میں 242 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف دیا تھا۔
آخری دس اوورز میں پاکستان نے 61 رنز بنائے اور پانچ وکٹیں گنوائیں۔
کپتان محمد رضوان 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سلمان آغا 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، طیب طاہر نے 38 رنز بنائے۔
اوپنر فخر زمان 10 رنز بنا کر ول اورورک کو وکٹ دے بیٹھے، سعود شکیل 8، خوشدل شاہ 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آل راؤنڈر فہیم اشرف 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نسیم شاہ نے 19 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ول اورورک نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل کی دو، دو وکٹیں حاصل کیں، نیتھن اسمتھ اور جیکب ڈفی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔