کراچی: ائرپورٹس پر بارودی مواد کی نشاندہی کے لئے جدید مشینوں کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
برطانوی ساختہ ایکسپلوزوٹرییس ڈیٹیکشن نامی 18 مشینیں اے ایس ایف کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بارودی مواد کی نشاندہی کے لئے جدید مشینیں برطانیہ سے سابق سی اے اے نے حاصل کی تھیں۔
مشینوں کے حصول کا مقصد برطانیہ کے لئے براہ راست پروازوں کی سیکورٹی کلئیرنس یقینی بنانا تھا۔ مشینیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ائرپورٹس کے لئے حاصل کی گئی تھیں۔
مذکورہ مشینوں سے امریکا کے لئے براہ راست پروازوں کی سیکورٹی کلئیرنس بھی ممکن ہو گی۔
علاوہ ازیں کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹ پر جدیدایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم لگانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے منصوبے کا پی سی ون پلان تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سسٹم نافذ کرنے پر ابتدائی طور 5 سے 6 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کے بڑے منصوبے کیلئےمنظوری پلاننگ کمیشن دے گا۔
سینٹرل ورکنگ ڈولپمنٹ کمیٹی اجلاس میں منصوبےکو پیش کر کے منظوری لی جائے گی ۔ اسلام آباد اور نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدیدایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم نافذ ہیں۔
نئے سسٹم لگانے کے لئے ایئرپورٹس اتھارٹی بین الاقوامی ٹینڈرجاری کرے گی۔