برسبین : پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف میچ کے لئے برسبین میں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ ٹریننگ کے دوران اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔
ڈاکٹرز نے احمد شہزاد کو آرام کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں کل بروز اتوار کو برسبین میں ٹکرائیں گی۔
زمبابوے کے خلاف اہم سے میچ سے قبل اوپنر احمد شہزاد انجری مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔ پریکٹس کے دوران احمد شہزاد کے گیند لگ گئی تھی۔
ان کی ایم آر آئی رپورٹ آگئی ہے۔ بائیں پاؤں میں ہلکی سوجن ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ خطرے کی کوئی بات نہیں۔ امید ہے شہزاد زمبابوے کے خلاف میچ کھیلیں گے۔
ادھر قومی ٹیم برسبین میں بھرپور پریکٹس میں مصروف ہے ۔ اہم میچ کیلئے فائنل الیون میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ عمراکمل کی وکٹوں کے پیچھے ناقص کارکردگی نے سرفراز احمد کیلئے موقع پیدا کردیا ہے۔
عمراکمل بطور بیٹسمین پلینگ الیون کا حصہ ہونگے۔ ناصر جمشید کی جگہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو ایک بار پھر موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔