ممبئی: معروف بالی وڈ فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان کے خلاف ہندو تہوار ہولی کے بارے میں مبینہ توہین آمیز تبصرے کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فرح خان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست وکاش پھٹک نے اپنے وکیل ایڈوکیٹ علی کاشف خان دیش مکھ کے ذریعے کھار پولیس اسٹیشن میں جمع کروائی۔
درخواست میں فرح خان کے خلاف 20 فروری 2025 کو ٹیلی ویژن شو ’سیلیبرٹی ماسٹر شیف‘ کے ایک ایپیسوڈ میں دیے گئے متنازع بیان پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فرح خان کن فنکاروں کو فلمیں فلاپ ہونے کی بد دعا دیتی ہیں؟
وکاش پھٹک نے دعویٰ کیا کہ فلمساز و کوریوگرافر نے ہولی کو نچلی ذات کے لوگوں کا تہوار قرار دیا، ان کے تبصرے سے مذہبی جذبات اور ہندو برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔
ایڈوکیٹ علی کاشف خان دیش مکھ نے بتایا کہ میرے مؤکل کا مؤقف ہے کہ فرح خان کے اس تبصرہ سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کی توہین ہوئی، کسی مقدس تہوار کو بیان کرنے کیلیے اس طرح کی اصطلاح کا استعمال انتہائی نامناسب ہے اور اس سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست کے مطابق ’آئی پی سی کی دفعات کے تحت انصاف کا خواہاں ہوں اور درخواست کرتا ہوں کہ ان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر قانونی کارروائی کی جائے۔
پولیس نے ان کے خلاف دفعہ 196، 299، 302 اور 353 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی۔