راولپنڈی: پاکستان عوام پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا ہے، میٹنگ بھی ہوئی ہے ایک سوچ پر اتفاق ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان عوام پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ جمہوریت کی بحالی صرف آئین کی بالادستی سے ہو گی اور کوئی راستہ نہیں، جب سب کچھ ناکام ہوجائے تو سڑکوں کا راستہ آخری حربہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا ہے، میٹنگ بھی ہوئی، ایک سوچ پر اتفاق ہے، کوئی الیکٹورل الائنس یا گرینڈ اپوزیشن نہیں ہے، ایک سوچ پر اتفاق ہےکہ ملک آئین کی بالا دستی کے بغیر نہیں چل سکتا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ تو بہت لمبی اور دور کی بات ہے، ہم اس سوچ اور نکات پر متفق ہیں، اس کے علاوہ ہر ایک کی اپنی سیاست ہے اور یہ سیاست ہے ایک دوسرے کے معاملات پر تحفظات بھی ہوسکتے ہیں۔