کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے اہم اقدام اٹھا لیا جس سے جان لیوا حادثات میں کمی واقع ہو سکے گی۔
ڈی آئی جی پیر محمد شاہ نے ڈمپرز میں فرنٹ اور رئیرویو کیمرہ لگانا لازمی قرار دے دیا، فرنٹ اور بیک کیمرے لگانے سے حادثے میں قصوروار کا پتا چل سکے گا۔
سڑک پر چلنے والے ڈمپرز میں ٹریکر بھی لگایا جائے گا جس کیلیے ڈمپر مالکان کو 15 روز میں سسٹم لگانے کی مہلت دے دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی
اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے ڈمپرز ایسوسی ایشن سے ملاقات کی جس میں ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اقدامات کی حامی بھر لی۔
ٹریکر کے ذریعے ڈمپر کی اوور اسپیڈنگ کا پتا چل سکے گا جبکہ ٹریکر کنٹرول سسٹم ڈی آئی جی ٹریفک دفتر میں لگایا جائے گا۔
اس حوالے سے پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ڈمپر کی اوور اسپیڈنگ پر فوری چالان ہوگا، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اقدام سے حادثات میں کمی واقع ہوگی، تجربہ کامیاب رہا تو دیگر ہیوی گاڑیوں میں بھی سسٹم نصب کروائیں گے۔
فیصل واوڈا نے ٹریفک حادثات میں کمی کا حل بتا دیا
سینیٹر فیصل واوڈا نے 19 فروری 2025 کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں کہا تھا کہ کراچی میں ڈمپرز والے معاملے کو ایشو بنا دیا گیا جبکہ اس کا آسان حل ہے لیکن سیاستدانوں نے ڈمپرز کے معاملے پر بیانات شروع کر دیے، سیاستدان بیان دیتے ہیں ڈمپرز کو آگ لگا دیں جبکہ یہ آگ لگانے سے نہیں رکیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈمپرز کے مسئلے کا آسان حل ہے کہ کراچی شہر میں اس کی رفتار کم کرا دیں، فیصلہ کر لیں کہ کراچی میں ڈمپرز 40 کی رفتار سے زیادہ تیز نہیں چلیں گے، ذہنی طور پر مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے لیکن یہ کیا حل ہے کہ آگ لگا دو۔
ان کا کہنا تھا کہ اضافی لوڈنگ سے سڑکیں خراب ہو رہی ہیں ہر مسئلےکا حل ہے لیکن نیت اور عقل ہونی چاہیے، پالیسی بنا دیں کہ 40 کی رفتار سے اوپر ڈمپر نہیں چلیں گے اس سے حادثات کم ہو جائیں گے، سی این جی کی گاڑیوں پر پابندی لگادیں تو ان کو آگ نہیں لگے گی۔