ملکی تاریخ میں پہلی بار کسٹمز نے 10 ارب روپے مالیت کی بھارتی ممنوعہ ادویات پکڑ لی ہیں اور اس حوالے سے کچھ گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کلکٹر کسٹم انفوسمنٹ معین الدین وانی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کسٹمز نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی پہلی بار 10 ارب روپے مالیت کی بھارتی ممنوعہ ادویات پکڑی ہیں۔ اس سارے معاملے میں دو سے تین مقامی فارماسیوٹیکل کمپنیاں بھی ملوث ہیں۔
کلکٹر کسٹم نے بتایا کہ اہم کاروائی کورنگی میں گودام پر کی گئی، جس میں کچھ گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔ ملکی تاریخ میں ادویات کی یہ سب سے بڑی اسمگلنگ کی کاروائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پکڑی جانے والی مذکورہ دوا کو پین کلر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، اس میں افیم کی مقدار موجود ہوتی ہے۔ کئی ممالک میں یہ کنٹرولڈ میڈیسن ڈکلیئرڈ ہے۔ حکومت پاکستان بھی اس کو کنٹرولڈ میڈیسن ڈکلیئر کرنے پر غور کر رہی ہے۔