جمعرات, فروری 27, 2025
اشتہار

یکم رمضان کو بینک کتنی رقم پر زکوٰۃ کی کٹوتی کریں گے؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ نے سال 1445-46 ہجری کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کر دیا ہے جس کے مطابق بینک اکاؤنٹ میں مقررہ رقم کی موجودگی پر زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ نے سال 1445-46 ہجری کے لیے زکوٰۃ کا نصاب مقرر کر دیا ہے جو کہ 179,689 روپے (ایک لاکھ اناسی ہزار چھ سو نواسی روپے) ہوگا۔

زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980 کے مطابق اگر کسی بینک اکاؤنٹ میں یکم رمضان المبارک 1446 ہجری کو اس سے کم رقم موجود ہو تو اس سے زکوٰۃ کی رقم منہا نہیں کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق بچت اکاؤنٹ، نفع ونقصان اور اس طرح کے اکاؤنٹس پر زکوٰۃ لاگو ہوگی، کرنٹ اکاؤنٹس سے زکوٰۃ نہیں کاٹی جائے گی۔

رمضان المبارک کا پہلا دن "کٹوتی کی تاریخ” کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا ہے، جو چاند کی رویت کے مطابق یکم یا 2 مارچ 2025 کو ہونے کی توقع ہے۔

اس تاریخ کو بچت بینک اکاؤنٹس، منافع و نقصان شراکتی اکاؤنٹس اور دیگر ایسے اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی، جن میں 179,689 روپے یا اس سے زائد رقم موجود ہوگی۔

زکوٰۃ کی وصولی اور انتظامی ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زکوٰۃ کی کٹوتی کے بعد فوری طور پر فارم سی زیڈ 08 (A&B) کی کاپی فراہم کریں اور زکوٰۃ کی جمع شدہ رقم کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں موجود مرکزی زکوٰۃ اکاؤنٹ نمبر سی زیڈ 08 میں جمع کرائیں۔

زکوٰۃ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے اور ہر اس مسلمان پر فرض ہے جس کے پاس مخصوص نصاب سے زائد دولت جمع ہو۔

ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ، زکوٰۃ کی وصولی اور تقسیم کے نظام کی نگرانی کرتے ہیں تاکہ یہ رقم مستحق اور ضرورت مند افراد تک پہنچ سکے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں