کراچی : بوٹ بیسن پرجھگڑے کے دوران شہریوں پر تشدد کے واقعے میں ملوث شاہ زین مری کے چار ذاتی محافظوں سمیت سات گارڈز کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں مسلح افراد کے شہریوں پر تشدد کے واقعے کی اے آر وائی نیوز کی خبر کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔
شہریوں پر تشدد میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ گرفتار افراد میں شاہ زین مری کے4ذاتی محافظ سمیت 7گارڈ شامل ہیں۔
اسد رضا کا کہنا تھا کہ 2 مختلف مقامات پر چھاپے کے دوران گرفتارگارڈز اسلحہ برآمد کرلیا ہے اور برآمد اسلحہ کے لائسنس کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی : بوٹ بیسن میں مسلح افراد کا شہریوں پر تشدد، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
گرفتار محافظوں میں غوث بخش ،جلاد خان، علی زین ،حسن شامل ہیں جبکہ مرکزی ملزم شاہ زین مری گارڈز کیساتھ شہری پر تشدد کے بعد بلوچستان فرار ہوا تاہم شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے بلوچستان حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے کلفٹن بوٹ بیسن کے علاقے میں شہریوں پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی، فوٹیج میں کارسوار کو دوسری گاڑی کو ٹکر مارتے دیکھا جاسکتا تھا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا ٹکر مارنے کے بعد کار سے چھ سے سات مسلح افراد نے گاڑی میں بیٹھے ہوئے دو افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے انیس فروری کے واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری برکت علی سومرو کی مدعیت میں تھانہ بوٹ بیسن میں درج کرلیا تھا، مدعی کے مطابق سادہ لباس افرادنے کھلےعام اسلحہ کےزور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے سر پر شدید نوعیت کے زخم آئے، تشدد کرنے والے افراد نشے میں تھے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں متاثرہ شہری نے وزیراعلی سندھ اوروزیرداخلہ سے واقعےمیں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔