کراچی : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا، تمام معلومات پولیس سے لینے کے بعد ارمغان کے گھر سرچ آپریشن کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے آج گھر کا دورہ کرنا تھا تاہم ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دورے سے پہلے ہم پولیس حکام سےملاقات کریں گے اور کیس کےحوالےسےپوری معلومات حاصل کریں گے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کہا کہ جتنے شواہد گھرسے ملے ان تمام کی تفصیلات لیں گے، جس کے بعد عدالت سے رجوع کیا جائے گا اور ارمغان کے گھر کے باقاعدہ سرچ وارنٹ حاصل کر کے ہی آئیں گے، جس کے بعد گھر میں سرچ آپریشن کرے گی۔
مزید پڑھیں : مصطفیٰ عامرقتل کیس : ارمغان کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کو خط
یاد رہے مصطفیٰ عامر قتل کیس میں سندھ پولیس نے ارمغان کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا ، اس حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایف آئی اے کو خط لکھا تھا۔
ڈی آئی جی کرائم انویسٹی گیشن کا خط بھی منسلک کیا گیا تھا جبکہ خط میں ملزم ارمغان کےمالیاتی فراڈکا ذکرکیا گیا تھا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت انکوائری کی جائے۔
خیال رہے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ارمغان کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات شروع کی۔
حکام نے بتایا تھاکہ ارمغان کے تمام اکاؤنٹس اور پراپرٹیز کو 90 روز کیلئے منجمد کر رہے ہیں اور ارمغان نے اکاؤنٹس سےجن افراد کیساتھ ڈیلنگ کی انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔