سندھ کے ضلع جیکب آباد میں میراں پور کے علاقے سیم شاخ میں مسلح ملزمان کی کار پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کی کہ فائرنگ سے کار سوار 3 افراد جاں بحق ہوئے، مقتولین میں معشوق کھوسو، رحیم بخش اور ظہور کھوسو شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فائرنگ سے 3 افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: جیکب آباد میں ریپ کا نشانہ بننے والی پولیو ورکر کی جان کو خطرہ
وزیر اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
قبل ازیں، کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
مقتول کی شناخت ساجد بیگ کے نام سے ہوئی جو گلی کا سکیورٹی گارڈ تھا اور لائن لائنزایریا کا رہائشی تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے مقتول کو قتل کیا، لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ رات گئے ہونے والا قتل ڈکیتی مزاحمت نہیں، قتل کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں تاہم تحقیقات جاری ہے۔
علاقہ مکین کا کہنا تھا کہ گلی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھ رہی تھی، وارداتوں کے باعث سکیورٹی گارڈ ساجد کو رکھا تھا۔