بدھ, مارچ 12, 2025
اشتہار

بلوچستان: دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: بلوچستان میں بولان پاس کے علاقے ڈھاڈر کے مقام پر دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا جس میں معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں نے ٹرین کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، علاقہ انتہائی دشوار گزار ہونے کے باوجود سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یرغمال بنائے گئے معصوم مسافروں میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے، دہشتگرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا، معصوموں کو نشانہ بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ دہشتگردوں کا اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

قبل ازیں خبر سامنے آئی تھی کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر مچھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹرین ڈرائیور زخمی جبکہ ٹرین کو روک لیا گیا تھا۔

ریلوے حکام نے بتایا تھا کہ مسلح افراد نے مچھ کے علاقے پیرو کنری کے قریب جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر ٹرین کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی ریلیف ٹرین اور ایمبولینسیں جائے وقوع روانہ کر دی گئی اور سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بھی علاقے کو گھیر لیا ہے، واقعے کی نوعیت اور ممکنہ دہشتگردی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس میں 9 بوگیاں اور 500 مسافر سوار ہیں، وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، کنٹرولر ریلوے محمد کاشف کے مطابق مسافروں اور عملے سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق دشوار گزار علاقے کے باعث جائے وقوع تک رسائی میں مشکلات ہیں، بلوچستان حکومت نے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور تمام ادارے متحرک ہیں۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں