اوٹاوا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف دوگنا کرنے کی دھمکی پر کینیڈا نے بجلی پر 25 فی صد سرچارج واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے کہا کہ امریکا کو فروخت کی جانے والی بجلی پر پچیس فی صد سرچارج واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطاب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے منگل کو کینیڈا کے لیے اسٹیل اور ایلومینیم پر ٹیرف کو 25 فی صد سے 50 فی صد پر لے جانے کی دھمکی نے کینیڈا کو بجلی پر سرچارج معطل کرنے پر مجبور کیا۔
کینیڈا کے پیچھے ہٹنے کے بعد، وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر پیٹر ناوارو کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ بھی اسٹیل اور ایلومینیم کا ٹیرف دوگنا کرنے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، اور وفاقی حکومت بدھ سے شروع ہونے والی اسٹیل اور ایلومینیم کی تمام درآمدات پر 25 فی صد ٹیرف ہی عائد کرے گی۔
کینیڈا کو سخت جواب، ٹرمپ نے ٹیرف ڈبل کر دیا
اے پی کے مطابق اگرچہ اس ڈرامے میں جیت ٹرمپ کی ہوئی ہے تاہم ٹیرف کے بارے میں بڑھتے خدشات نے اسٹاک مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اور اس سے کساد بازاری کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ امریکا اور کینیڈا کے درمیان جاری تجارتی جنگ میں منگل کے ایپیسوڈ نے غیر یقینی صورت حال کا احساس بڑھا دیا ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا اور امریکا کے تجارتی نمائندے کل ملاقات کریں گے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جی سیون اجلاس میں شرکت کے لیے جدہ سے کینیڈا روانہ ہو گئے ہیں۔