اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف اور جمیعت علما السلام ف کی کمیٹیوں کی میٹنگ میں جے یو آئی نے آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور جمیعت علما السلام ف کی کمیٹیوں کی میٹنگ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کی سربراہی تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے طے ہوگی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے کہا ہے کہ آپ نے کسی کو تو سربراہ بنانا ہے تو جوسب کہیں منظورہوگا۔
ذرائع نے کہا کہ جمعیت علمااسلام نے آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کامطالبہ کردیا اور کہا اس سے پہلے پی ڈی ایم اتحاد میں ہمارےساتھ ہاتھ ہوا، یہ نا ہو ہمارے ساتھ پی ٹی آئی بھی بعد میں وہی کرے۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ جے یو آئی نے وزیراعلیٰ کے پی سے بھی معاملات بہتر بنانے کا مطالبہ کردیا تاہم پی ٹی آئی کمیٹی نے کہا کہ یہ سب بانی پی ٹی آئی سے بات کرکے فائنل کریں گے۔
یاد رہے گرینڈ الائنس میں شرکت کے لیے جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی) ف نے پی ٹی آئی کو شرائط سے آگاہ کیا تھا۔
ذرائع نے کہا تھا جے یو آئی کی متعدد شرائط وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور سے متعلق ہیں، اسد قیصر اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے براہ راست بات کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ الائنس میں شرکت سے متعلق جے یو آئی نے باضابطہ فیصلہ نہیں کیا، الائنس سےمتعلق جوبھی فیصلہ ہوگا سب کو پتہ چل جائے گا۔