لاہور : پنجاب اسمبلی نے بھیک مانگنے یا بھیک منگوانے کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینے کا بل منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں انسدادگداگری ترمیمی بل 2025 منظور کرلیا گیا۔
پنجاب اسمبلی نے انسداد گداگری بل کثرت رائےسےمنظورکیا ، انسدادگراگری بل گورنر پنجاب کو منظوری کے لئے بھجوایا جائے گا، گورنر پنجاب سے منظوری کے بعد ترامیم مسودہ قانون کا حصہ بن جائیں گی۔
بل کے تحت پنجاب میں بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قراردیاگیا ہے، کسی ایک شخص سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 3 سال قید اور 3 لاکھ جرمانہ ہوں گے۔
بل کے تحت جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزادی جائے گی اور ایک سے زائد افراد سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید اور 5 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔
بچوں سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 5 سے7 سال قید اور 7 لاکھ تک جرمانہ ہوگا جبکہ کسی کو جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 20لاکھ تک جرمانہ ہوگا.
جرمانے کی عدم ادائیگی پر گینگ کے سرغنہ کو مزید 2 سال قیدکی سزاہوگی جبکہ اگر ایک بار سزا پانے والا شخص جرم دہرائے گا تو سزا سے دو گنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔