بدھ, مارچ 19, 2025
اشتہار

لبنانی مسلم خاتون پروفیسر کو امریکا سے ملک بدر کردیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

بوسٹن : امریکی یونیورسٹی کی مسلم لبنانی خاتون پروفیسر کو عدالتی احکامات کے برخلاف امریکا سے ملک بدر کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان سے تعلق رکھنے والی امریکی یونیورسٹی کی مسلمان خاتون پروفیسر کو امریکا سے ملک بدر کردیا گیا، امریکی حکام نے عدالت کی جانب سے روکے جانے کے باوجود ڈاکٹر راشا علویہ کو لبنان واپس بھیج دیا گیا۔

براؤن یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر ڈاکٹر راشا علویہ اپنے خاندان سے ملنے لبنان گئی تھیں، واپسی پر انہیں بوسٹن ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔

امریکی حکام نے ان کے موبائل فون کی تلاشی لی اور پھر امریکا میں داخلے سے روک دیا۔ خاتون نے عدالت سے رجوع کیا تو جج نے امریکی ویزا رکھنے والی خاتون کو فوری طور پر ملک سے نہ نکالنے کا حکم جاری کیا۔

امریکی کسٹمز اور بارڈر حکام  نے عدالتی حکم کو یکسر نظر انداز کردیا، فرانسیسی ٹی وی کا کہنا ہے ڈاکٹر راشا علویہ کو مبینہ طور پر حزب اللہ سربراہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کرنے پر ملک بدر کیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 34 سالہ ڈاکٹر راشا علویہ رہوڈ ریاست آئی لینڈ میں براؤن یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دے رہی تھیں۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں (ڈاکٹر راشا) کو ملک بدر کیوں کیا گیا تاہم ان کو ایک ایسے وقت میں نکالا گیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سرحد عبور کرنے پر پابندی لگانے اور امیگریشن کے ایشوز سے متعلق گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں