روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی ہم منصب کو ایک خاص تحفہ دیا ہے جس کو دیکھتے ہی ٹرمپ بول اٹھے خوبصورت۔
روس اور امریکا روایتی حریف ممالک رہے ہیں۔ تاہم ٹرمپ کے دوبارہ صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک میں برف پگھل رہی ہے اور دونوں رہنما ایک سے زائد بار ٹیلیفونک رابطہ کرچکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ اور پیوٹن کی تاحال باضابطہ ملاقات تو نہیں ہوئی لیکن روسی صدر نے اپنے امریکی ہم منصب کو ایک خاص تحفہ دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیوٹن نے رواں ماہ مارچ کے آغاز میں روس آنے والے ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ماسکو میں ملاقات کی تھی اور امریکی صدر کے لیے یہ تحفہ اسی ملاقات میں دیا گیا تھا۔
پیوٹن کی جانب سے امریکی صدر کو ان کا پورٹریٹ تحفے میں دیا گیا ہے اور کریملن نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
اس سے قبل فاکس نیوز بھی رپورٹ کرچکا ہے کہ پیوٹن کی جانب سے رواں ماہ ٹرمپ کے لیے ان کا پورٹریٹ تحفے میں بھیجا گیا تھا اور اس کو دیکھ کر امریکی صدر بہت زیادہ خوش ہوئے تھے۔
فاکس نیوز کے میزبان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ یہ تحفہ دیکھتے ہی بے اختیار کہہ اٹھے تھے ’’خوبصورت‘‘۔
یاد رہے 2018 میں روسی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فٹبال کا تحفہ دیا تھا۔ جس کی امریکی انٹیلی جنس اداروں نے اچھی طرح چیکنگ کی تھی کہ کہیں اس میں جاسوسی کا آلہ نصب نہ ہو۔ بعد ازاں کلیئرنس ملنے کے بعد صدر ٹرمپ نے یہ فٹبال اپنے بیٹے کو دے دی تھی۔
تاہم روسی صدر کی جانب سے اس بار ٹرمپ کو دیے گئے پورٹریٹ سے متعلق وائٹ ہاؤس نے اس بارے میں تبصرہ نہیں کیا ہے کہ اس پورٹریٹ کی جانچ کی گئی ہے یا نہیں۔