بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک دن ضرور اپنے ملک واپس جائیں گی اور اپنی سیاسی جماعت عوامی لیگ کے ارکان و کارکنوں کو نشانہ بنانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ بنگلہ دیش میں اپنے خلاف ملک گھیر احتجاج کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں اور تب وہ وہیں ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پارٹی رہنماؤں کے اہل خانہ کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ اللہ نے مجھے کسی وجہ سے زندہ رکھا اور وہ دن آئے گا جب انصاف لایا جائے گا۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایسا شخص ہے جس نے کبھی عوام سے محبت نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: محمد یونس نے مودی سے ملاقات میں شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا، مودی کا انکار
انہوں نے کہا کہ محمد یونس نے بہت کم شرح سود پر قرض دیا اور اس رقم کو بیرون ملک شاہانہ زندگی گزارنے کیلیے استعمال کیا، تب ہم اس کے دوغلے پن کو نہیں سمجھ سکے اس لیے ہم نے اس کی بہت مدد کی، اس نے اپنے لیے اچھا کیا پھر اقتدار کی ہوس پیدا کی جو اب بنگلہ دیش کو جلا رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش اب ایک دہشت گرد ملک میں تبدیل ہو چکا ہے، ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کو اس طرح قتل کیا جا رہا ہے جسے بیان نہیں کیا جا سکتا، عوامی لیگ، پولیس، وکلاء، صحافی، فنکار اور سب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیش میں میڈیا پر پابندی کا الزام لگاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں عصمت دری، قتل، ڈکیتی اور کچھ بھی رپورٹ نہیں کیا جا سکتا، اگر کسی نے رپورٹ کیا تو ٹی وی چینل یا اخبار کو نشانہ بنایا جائے گا۔
شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ میں نے ایک دن میں والدین، بھائی اور سب کو کھو دیا اور پھر انہوں نے ہمیں ملک واپس نہیں آنے دیا، اللہ میری حفاظت کرتا رہتا ہے، شاید وہ میرے ذریعے کوئی کچھ اچھا کروانا چاہتا ہے۔