اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے چین، امریکا، سعودی عرب اور یورپ کو معدنیات میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان کے پاس کھربوں ڈالرزکے قدرتی وسائل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان منرلز ایسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے تمام مندوبین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم نے فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کاباعث بنےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو بےپناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے ، ریکوڈک منصوبےمیں پیشرفت حوصلہ افزا ہے، کےپی ، بلوچستان اور جی بی کے پہاڑوں پر معدنیات کے ذخائر ہیں، سندھ اور پنجاب میں بھی قدرتی وسائل سے مالامال ہے ، آزادکشمیر کی زمین میں بھی بے پناہ خزانے دفن ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کھربوں ڈالر کے معدنی ذخائر موجود ہیں، معدنی ذخائرسےمستفیدہوکرپاکستان قرضوں کے چنگل سے آزاد ہوسکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معدنیات کےشعبے میں سرمایہ کاری سب کیلئے سود مند ہے، پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں، سندھ حکومت کوئلے کے ذخائر سے استفادہ حاصل کرنے کیلئےبھرپورکام کررہی ہے۔
وزیراعظم نے خلیجی ممالک ،امریکا ،یورپ سمیت دیگر خطوں سے سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ،پاکستان میں مقامی کوئلے پر انحصار کرکے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کر رہے ہیں، ہم نے اپنی مصنوعات میں ویلیوایڈیشن کرکے برآمدات کوفروغ دینا ہے ، خام مال کےبجائےتیارمصنوعات کی برآمدات کویقینی بنایاجائے گا۔