جمعہ, اپریل 18, 2025
اشتہار

مسکن چورنگی ٹریفک حادثہ ، گاڑی جلانے اور شہری کے جاں بحق ہونے کے مقدمات درج

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : مسکن  چورنگی ٹریفک حادثے میں گاڑی جلانے اور شہری کے جاں بحق ہونے کے دو الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں مسکن ٹریفک حادثے میں گاڑی جلانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، گلشن تھانے میں مقدمہ سرکارکی مدعیت میں درج کیا گیا۔

جس میں کہا گیا کہ گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، جس کے بعد 20 سے 25 افراد نے گاڑی کوآگ لگائی، تمام افراد نے گاڑی پر ڈنڈے بھی برسائے۔

مقدمے کے متن میں کہنا تھا کہ پولیس موبائل کو دیکھتے ہی تمام افراد بھاگنے لگے، بھاگنے کی کوشش کرنے والے 3 افراد موقع سے پکڑا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے جلی ہوئی گاڑی اور ایک موٹر سائیکل ملی۔

دوسری جانب مسکن ٹریفک حادثےمیں شہری کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ، گلشن تھانے میں ایف آئی آر جاں بحق شہری حنان کے والد کی مدعیت میں درج کی گئی۔

مدعی مقدمے نے بتایا کہ 17 سالہ بیٹا حنان موٹرسائیکل پر دودھ لینے نکلا تھا، چھوٹا بیٹا جب کافی دیر واپس نہیں آیا تو بڑا بیٹا تلاش کرنے نکلا، بڑے بیٹے نے واپس آکر بتایا ریسٹورنٹ کے قریب حادثہ ہوا۔

مزید پڑھیں : مسکن چورنگی کے قریب تیز رفتار فارچیونر کا حادثہ، گاڑی جلانے والے ریسٹورنٹ ملازم نکلے

والد کا کہنا تھا کہ لوگوں نے بتایا کالی گاڑی مسکن سےتیز رفتاری سے جارہی تھی، ساتھ موجود افراد ڈرائیور کو تیز چلانے پر اکسارہے تھے، گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کراس کر کے حنان کی موٹرسائیکل سےٹکرائی ، گاڑی نے موقع پر موجود مزید 2 افراد کو بھی ٹکر ماری۔

متن میں کہا گیا کہ اسپتال پہنچنے پر پتہ چلا کہ میرا بیٹا انتقال کرگیا ہے، ملزم نے تیزرفتاری اور غفلت و لاپروائی سے گاڑی چلائی اور حادثہ کیا۔

یاد رہے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب کار تیزرفتاری کے سبب بے قابو ہوگئی تھی اور سڑک کی دوسری جانب بیٹھے لوگوں پرچڑھ دوڑی تھی۔

حادثے میں ایک شخص جاں بحق، دوسرا شدید زخمی ہوگیا، جس کے بعد مشتعل شہریوں نے گاڑی پھونک ڈالی اور ڈرائیور سمیت گاڑی میں سوار تین افراد گرفتارکرلیے گئے تھے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں