پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود نے بابر اعظم کو پشاور زلمی کی کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔
یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر صہیب مقصود نے کہا کہ بابر اعظم میدان میں مسکراتے ہیں یہ دکھاوا کرتے ہیں کہ ان پر کپتانی کا دباؤ نہیں لیکن وہ پریشر میں دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر فطری لیڈر نہیں ہے اور اس میں کپتانی کی صلاحیتوں کا فقدان ہے جس سے ان کی بیٹنگ متاثر ہورہی ہے، اگر کپتانی اچھی نہیں چل رہی ہوتی تو کارکردگی پر دباؤ بڑھتا ہے۔
صہیب مقصود نے کہا کہ پہلے اسے پریکٹس میں آؤٹ کرنا مشکل تھا لیکن اب وہ سیشن میں دو یا تین بار آؤٹ ہوجاتا ہے، بابر کسی کو ثابت کرنے کی کوشش بند کریں اور اپنی بیٹنگ پر توجہ دیں۔
PSL 10- پی ایس ایل کی تمام خبریں
انہوں نے کہا کہ اگر پی سی بی انہیں ٹی 20 سے باہر کردیتا ہے تو ٹیسٹ اور ون ڈے ان کی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے قابل عمل فارمیٹس رہیں گے۔
مڈل آرڈر بیٹر نے بابر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا نیچرل گیم کھیلیں اور کھوئی ہوئی فارم کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں، وہ پشاور زلمی کی بیک بون ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے پی ایس ایل 10 کے دو میچز میں صرف ایک رن ہی بنایا ہے اور دونوں میچوں میں ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔