بھارت میں کچھ دن قبل ماں اپنی بیٹی کے منگیتر کے ساتھ فرار ہوگئی تھی دونوں نے پولیس کو گرفتاری دے دی ہے اور ساتھ وجہ بھی بتا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں گزشتہ دنوں بیٹی کے منگیتر کے ساتھ فرار ہونے والی ماں سپنا اور نوجوان راہول کمار، دونوں نے پولیس کو گرفتاری دے دی ہے تاہم اس کے ساتھ ہی مذکورہ خاتون اپنے ہونے والے داماد سے ہی شادی پر بضد ہے جب کہ اس نے گھر سے بھاگنے کی بڑی وجہ بھی بتا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سپنا نے راہول کے ہمراہ ازخود گرفتاری دینے کے ساتھ ہی خود پر گھر سے نقدی اور زیورات لے کر فرار ہونے کی تردید بھی کی اور ساتھ ہی خود پر ظلم کی ایک داستان سنائی۔
سپنا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ اس کا شوہر عادی شرابی اور اس پر تشدد کرتا ہے جب کہ اس کی بیٹی شیوانی بھی ہر وقت اس سے لڑتی رہتی تھی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گھریلو حالات سے تنگ آ چکی تھی اور اسی وجہ سے وہ اپنی بیٹی کے منگیتر کے ساتھ گھر سے فرار ہوئی۔
سپنا نے یہ کہہ کر پورے تھانے کو حیران کر دیا کہ اب کچھ بھی ہو جائے وہ راہول (ہونے والے داماد) سے ہی شادی کرے گی اور اس کے ساتھ ہی اپنی بقیہ زندگی گزارے گی۔
واضح رہے کہ راہول کمار اور شیوانی کی شادی 16 اپریل کو مقرر تھی تاہم شادی سے 10 روز قبل 6 اپریل کو راہول اپنی منگیتر کی ماں سپنا کے ساتھ فرار ہو گیا تھا۔
بیٹی کی شادی سے چند روز قبل ماں ہونے والے داماد کے ساتھ بھاگ گئی