حیدرآبادا: عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی سڑک منظور ہی نہیں ہوئی، دھوکا دیا گیا ہے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بلوچستان کی سڑک اس سال بن ہی نہیں سکتی، سیاست دان روزانہ یوٹرن کرتے نظر آتے ہیں، پیپلزپارٹی تو آج یوٹرن پر پھنس گئی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرول سے بچنے والے پیسے بجٹ فنڈز میں جائیں گے، کیوں کہ حکومت ٹیکس جمع کرانے میں ناکام رہی اسی لیے پٹرولیم لیوی بڑھائی۔ حکومت سپورٹ پرائس نہیں دے رہی تو ایکسپورٹ کی اجازت دے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وکٹ کے دونوں طرف نہیں کھیلتے، چولستان کا فیصلہ سی سی آئی کرے، چاہتے ہیں ملک بھر کے اسٹیک ہولڈرز بیٹھیں اور سی سی آئی میں فیصلہ ہو۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ مہنگائی کم ہوئی اور لوگ خوش ہیں، حکومت نے اپنی تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
عمران خان سے متعلق انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مستقبل کا معلوم نہیں، اللہ سے دعا ہے کہ انہیں اپنی حفاظت میں رکھے اور لمبی عمر دے۔