کشمور: صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں پولیس موبائل پر ڈاکوؤں کے حملے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کشمور کے علاقے نائیچ گوٹھ کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر اچانک حملہ کر دیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او زیاد نوناری سمیت سات اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل اسد اللہ سولنگی، کانسٹیبل ارشاد مریٹو، شاہ غازی، ڈومکی خان و دیگر شامل ہیں، زخمی ا ہلکاروں کو تعلقہ اسپتال سے سکھر ریفر کر دیا گیا ہے۔
گھوٹکی میں کورائی برادری کے گھروں پر مہلک حملہ
پولیس حکام کے مطابق پولیس موبائل علاقے میں گشت پر تھی جب اچانک حملہ ہوا، ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا کر اچانک فائرنگ شروع کر دی، تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو فرار ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
زخمی ایس ایچ او زیاد نوناری کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ کے لیے وہ اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔