سرگودھا: پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ’ڈکی بھائی‘ کو موٹروے پر مقرہ حد سے زیادہ رفتار میں غیر ذمہ دارانہ ڈرائیورنگ کرنا مہنگا پڑ گیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ڈکی بھائی نامی یوٹیوبر کے خلاف موٹروے پولیس نے تھانہ لکسیاں میں مقدمہ درج کروا دیا، ملزم 200 کلو میٹر سے زائد کی اسپیڈ سے گاڑی چلا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج
ترجمان کے مطابق ویڈیو میں یوٹیوبر اسٹیرنگ پر ٹانگ اور پاؤں رکھ کر گاڑی چلا رہا تھا، تیز رفتاری اور اسٹیرنگ پاؤں پر رکھ کر گاڑی چلانا انتہائی خطرناک امر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلانا عوام الناس کے جان و مال کیلیے بھی خطرہ کا سبب بن سکتا ہے، ڈکی بھائی کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 279 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس قانون کا بلا تفریق نفاذ کرتی ہے، سوشل میڈیا پر اس طرح کی ویڈیوز کے حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ عام سڑک یا موٹروے پر ہاتھ چھوڑ کر گاڑی چلانا نہایت خطرناک اور غیر قانونی عمل ہے۔ یہ صرف آپ کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالتا بلکہ دوسرے مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔